ویب ڈیسک: رویت ہلال ریسرچ کونسل نے پیش گوئی کی ہے کہ جمعرات 19 مارچ 2026ء کی شام شوال کا چاند نظر آنے کا امکان نہیں، جس کے باعث ملک بھر میں عیدالفطر ہفتہ 21 مارچ 2026ء کو منائے جانے کی توقع ہے۔
کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی کے مطابق نیا چاند 19 مارچ کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 6 بج کر 23 منٹ پر پیدا ہوگا، تاہم اسی روز غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر رویت کے لیے درکار کم از کم 19 گھنٹوں سے خاصی کم، یعنی تقریباً 13 گھنٹے ہوگی، جو شرعی و سائنسی معیار پر ناکافی سمجھی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید وضاحت کی کہ غروبِ شمس اور غروبِ قمر کے درمیان کم از کم 40 منٹ کا فرق ہونا ضروری ہوتا ہے، جبکہ 19 مارچ کو یہ دورانیہ کراچی میں 26 منٹ اورپشاور میں 30 منٹ ہوگا۔ اس لیے مطلع صاف ہونے کی صورت میں بھی چاند کی رویت نہ تو ننگی آنکھ سے اور نہ ہی دوربین یا ٹیلی اسکوپ کے ذریعے ممکن ہوگی۔
کونسل کے مطابق رمضان المبارک کے 30 روز مکمل ہونے کے بعد یکم شوال 1447ھ ہفتہ 21 مارچ 2026ء کو متوقع ہے، اور اسی روز ملک بھر میں عیدالفطر منائے جانے کا امکان ہے۔