ویب ڈیسک: بل گیٹس نے اپنی ازدواجی زندگی کے دوران دو روسی خواتین سے غیر ازدواجی تعلقات کا اعتراف کرتے ہوئے فاؤنڈیشن کے عملے سے معذرت کر لی ہے۔
یہ پیش رفت بدنام سرمایہ کار جیفیری ایپسٹین سے روابط کے حوالے سے سامنے آنے والی نئی تفصیلات کے بعد سامنے آئی۔ امریکی اخبار The Wall Street Journal کی رپورٹ کے مطابق بل گیٹس نے 24 فروری کو فاؤنڈیشن کے ٹاؤن ہال اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس معاملے پر وضاحت دی۔
رپورٹ کے مطابق گیٹس نے تسلیم کیا کہ 27 سالہ شادی کے دوران ان کے دو غیر ازدواجی تعلقات رہے۔ ایک خاتون روسی برج کھلاڑی تھیں جن سے ان کی ملاقات برج ایونٹس میں ہوئی، جبکہ دوسری روسی نیوکلیئر فزسسٹ تھیں جن سے رابطہ کاروباری سرگرمیوں کے ذریعے ہوا۔
اجلاس میں انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ وہ ایپسٹین کے نجی طیارے میں سفر کر چکے ہیں اور امریکا سمیت دیگر ممالک میں ان سے ملاقاتیں کیں، تاہم کسی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث ہونے یا اس کا علم ہونے کی سختی سے تردید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا اور نہ ہی کسی متاثرہ خاتون کے ساتھ وقت گزارا۔
بل گیٹس نے کہا کہ ایپسٹین سے تعلقات نے فاؤنڈیشن کی ساکھ کو نقصان پہنچایا، جس پر وہ عملے سے معذرت خواہ ہیں۔ ان کے ترجمان نے ایپسٹین کی جانب سے مبینہ ای میل میں عائد الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔