(ویب ڈیسک) لاہور کے علاقے شادمان میں شوہر کے ہاتھوں بیوی کے قتل کی تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آگئے۔
پولیس کے مطابق مقتولہ بختاور اور ملزم کی پسند کی شادی تھی ۔ بیوی کو قتل کرتے وقت ملزم آئس کے نشے میں تھا ، بختاور کو قتل کرنے کے بعد ملزم گاڑی پر پندرہ منٹ کے لیے گھر سے باہر گیا۔ملزم نے آئس استعمال کرنے والی اشیاء شادمان نالے میں پھینکیں ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے بیوی کو قتل کرکے اپنے سگے بھائی کو فون کیا ۔ملزم نے اپنے بھائی کو بیوی سے جھگڑے کا بتایا ۔
پولیس کے مطابق مقتولہ بختاور کے والد جھگڑے کی اطلاع پر بیٹی کے گھر آئے ۔گھر کی 6 سال کی ملازمہ نے بتایا کہ صاحب نے بیگم کو قتل کردیا ۔میاں بیوی کے جھگڑے کی آواز مقتولہ کے 7 سال کے بیٹے نے بھی سنی ۔
پولیس تفتیش میں انکشاف ہوا کہ ملزم نے شیشے کے گلاس کا ٹکڑا بیوی کے گلے پر تین بار مارا ۔ ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بھی شیشے کے تین وار کرنے کی نشاندہی ہوگئی ۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے اعتراف کرلیا کہ قتل کی رات گاڑی بیچنے پر بیوی کے ساتھ جھگڑا ہوا تھا ۔