وفاقی آئینی عدالت نے ایم این اے سہیل سلطان کے خلاف الیکشن کمیشن کی کارروائی روک دی

وفاقی آئینی عدالت نے ایم این اے سہیل سلطان کے خلاف الیکشن کمیشن کی کارروائی روک دی
کیپشن: وفاقی آئینی عدالت نے ایم این اے سہیل سلطان کے خلاف الیکشن کمیشن کی کارروائی روک دی

ویب ڈیسک: وفاقی آئینی عدالت نے سوات سے تعلق رکھنے والے رکن قومی اسمبلی سہیل سلطان کے خلاف الیکشن کمیشن کو تاحکم ثانی کیس کی سماعت سے روک دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس عامر فاروق اور جسٹس روزی خان پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ 

سہیل سلطان کی مبینہ نااہلی کے معاملے پر وفاقی آئینی عدالت نے الیکشن کمیشن کو کارروائی سے روکنے کا حکم جاری کیا۔ عدالت کے اس حکم کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے مقرر کی گئی سماعت مؤخر ہو گئی ہے۔

سماعت کے دوران بیرسٹر گوہر سہیل سلطان کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ انتخابات مکمل ہونے کے بعد آرٹیکل 199 کے تحت رِٹ دائر کی جا سکتی ہے، جبکہ اسپیکر کو ریفرنس بھیجنے کا اختیار حاصل نہیں تھا۔ انہوں نے یہ بھی مؤقف اپنایا کہ نواز شریف کیس میں سپریم کورٹ اس اصول کو پہلے ہی طے کر چکی ہے۔

عدالت نے اپیل کو ابتدائی سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔

سہیل سلطان پر الزام ہے کہ انہوں نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ بننے کے بعد عائد دو سالہ پابندی پوری کیے بغیر الیکشن میں حصہ لیا۔

عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے اس کیس کی سماعت منگل کے روز مقرر کر رکھی تھی۔

Watch Live Public News