(ویب ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جیم اسٹون انڈسٹری میں ویلیو ایڈیشن سے برآمدات میں اضافہ یقینی بنایا جائے،مجوزہ جیم اسٹون سینٹرز میں جدید ٹیکنالوجی اور آلات نصب کئے جائیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت قیمتی پتھروں اور معدنیات کے فروغ کے حوالے سے اجلاس ہوا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں جیم اسٹونز کے ذخائر کی استعداد کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے تاکہ ان قیمتی پتھروں کی برآمدات سے قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے مجوزہ جیم اسٹون سینٹرز کی تعمیر کے لئے بین الاقوامی شہرت کے حامل متعلقہ ماہرین کی خدمات حاصل کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے اسلام آباد جیم اسٹون سینٹر کو اگست 2027 تک مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بین الاقوامی ماہرین کی مدد سے پالیسی فریم ورک پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، جیم اسٹون انڈسٹری میں ویلیو ایڈیشن سے برآمدات میں اضافہ یقینی بنایا جائے،مجوزہ جیم اسٹون سینٹرز میں جدید ٹیکنالوجی اور آلات نصب کئے جائیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے جیم اسٹون انڈسٹری کے فروغ کے حوالے سے تمام صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی حکومتوں سے مل کر کام کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو جیم اسٹون انڈسٹری ترویج کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
نئی منظور شدہ جیم اسٹون پالیسی پر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے کے حوالے سے چار سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔ اسلام آباد میں جیم اسٹون سینٹر کے قیام کے حوالےسے شاہراہ دستور پر جگہ کا تعین کیا جا چکا ہے۔ اسلام آباد جیم اسٹون سینٹر میں بین الاقوامی معیار کی ویلیو ایڈیشن سروسز، سرٹیفیکیشن ،انکیوبیشن سینٹر اور ٹریڈ سینٹر کی سہولیات فراہم کی جائیں گی ؛ اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے دفاتر بھی موجود ہوں گے۔ جیم اسٹون کے حوالے جیو فینسنگ سائینٹفک روڈ میپ پر کام کا آغاز کیا جا چکا ہے۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی , وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔