ٹرمپ نے فلسطینی ریاست سے متعلق میکرون کا اعلان مسترد کردیا

ٹرمپ نے فلسطینی ریاست سے متعلق میکرون کا اعلان مسترد کردیا
کیپشن: ٹرمپ نے فلسطینی ریاست سے متعلق میکرون کا اعلان مسترد کردیا

ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی جانب سے فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کے اعلان کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ میکرون کی اس پوزیشن میں توازن نہیں اور یہ فیصلہ مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام میں معاون ثابت نہیں ہوگا۔

وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا، ’’صدر میکرون جو بھی کہیں، اس سے کچھ فرق نہیں پڑتا، وہ ایک اچھے انسان ہیں، لیکن ان کا مؤقف متوازن نہیں ہے۔‘‘

یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا ہے جب فرانسیسی صدر میکرون نے ایک روز قبل فلسطین کو بطور آزاد ریاست تسلیم کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔ انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس کو مخاطب کرتے ہوئے ایک خط سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جس میں اس فیصلے کی وضاحت کی گئی۔

صدر میکرون نے اپنے پیغام میں کہا کہ فرانس مشرق وسطیٰ میں ایک پائیدار اور منصفانہ امن کے قیام کے لیے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا فیصلہ کر چکا ہے۔ ان کے مطابق وہ اس کا باضابطہ اعلان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں ستمبر کے مہینے میں کریں گے۔

فرانس کے اس اعلان کے بعد امریکی حکومت کی جانب سے سامنے آنے والا یہ پہلا واضح ردعمل ہے، جو اس معاملے پر واشنگٹن اور پیرس کے درمیان اختلاف رائے کو ظاہر کرتا ہے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ معاملہ عالمی سفارتی تعلقات میں ایک نئی بحث کو جنم دے سکتا ہے۔

Watch Live Public News