ویب ڈیسک: وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں سستے گھروں کی تعمیر کے لیے نئی سبسڈی اسکیم کی منظوری دے دی گئی۔
حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ’’ مارک اپ سبسڈی رسک شیئرنگ اسکیم‘‘ کے تحت کم آمدنی والے افراد کو گھروں کی تعمیر یا خریداری میں مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔
اجلاس میں وزیر خزانہ نے وزارت ہاؤسنگ کو ہدایت کی کہ لو کاسٹ ہاؤسنگ کے لیے ایک جامع ڈیٹا بیس مرتب کیا جائے تاکہ اسکیم کا دائرہ کار مؤثر انداز میں پھیلایا جا سکے۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق اسکیم کے تحت حکومت 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے لیے سبسڈی فراہم کرے گی۔ مجوزہ ماڈل کے مطابق، 20 سے 35 لاکھ روپے کے قرضے 20 سالہ مدت کے لیے دیے جائیں گے، تاکہ شہری اور دیہی علاقوں میں کم آمدنی والے افراد باعزت رہائش حاصل کر سکیں۔
ای سی سی اجلاس کے دوران گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ عالمی منڈی میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود عوام کو خاطر خواہ ریلیف نہ ملنے پر کمیٹی نے تشویش کا اظہار کیا اور وزارت صنعت و پیداوار کو ہدایت دی کہ قیمتوں میں شفافیت اور کمی یقینی بنائی جائے۔
مزید برآں، شپ بریکنگ اور ری سائیکلنگ کے شعبے کو باقاعدہ طور پر صنعتی درجہ دینے کی بھی منظوری دے دی گئی، جس سے اس شعبے میں سرمایہ کاری اور روزگار کے مواقع بڑھنے کی توقع ہے۔