ویب ڈیسک: ایشیا کپ 2025 کے حوالے سے بڑی پیشرفت سامنے آ گئی ہے، بھارتی وزارت خارجہ نے بی سی سی آئی کو گرین سگنل دے دیا ہے جس کے بعد بھارتی ٹیم کی پاکستان سےمیچز کھیلنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں میں ایونٹ کا باضابطہ شیڈول جاری ہونے کا قوی امکان ہے۔
ایشیا کپ رواں سال 8 سے 28 ستمبر تک ہوگا جس میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، متحدہ عرب امارات، عمان اور ہانگ کانگ سمیت آٹھ ٹیمیں شریک ہوں گی۔ پہلے گروپ اسٹیج اور پھر سپر فور مرحلہ کھیلا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات اور ابوظہبی ایونٹ کی میزبانی کے لیے مضبوط امیدوار ہیں کیونکہ انہیں سیاسی طور پر غیر جانبدار اور کرکٹ فرینڈلی مقام سمجھا جا رہا ہے۔
اس پیشرفت سے قبل بھارت، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان بعض اختلافات تھے جو خوش اسلوبی سے حل کر لیے گئے ہیں۔
24 جولائی کو ڈھاکہ میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سالانہ اجلاس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت کئی اہم فیصلے کیے گئے، جن میں ایونٹ کو 6 سے بڑھا کر 8 ٹیموں تک وسعت دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کرکٹ کو سیاست سے دور رکھا جائے گا اور رکن ممالک نے کرکٹ کے فروغ کے لیے یکجہتی پر اتفاق کیا ہے۔ پاک بھارت میچ کی تاریخ اور مقام کا اعلان جلد متوقع ہے، جس کا شائقین کو شدت سے انتظار ہے۔