ویب ڈیسک: امراض قلب بشمول ہارٹ اٹیک اور فالج کو خود سے دور رکھنا چاہتے ہیں تو ایسا بہت آسانی سے ممکن ہے, بس سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک، ساگ یا دیگر کا استعمال عادت بنالیں، یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
ایڈتھ کوون یونیورسٹی، ویسٹرن آسٹریلیا یونیورسٹی اور ڈینش کینسر انسٹیٹیوٹ کی اس مشترکہ تحقیق میں بتایا گیا کہ سبز پتوں والی سبزیوں کا استعمال دل کی صحت کے لیے مفید ہوتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ غذا کے ذریعے وٹامن K1 کے حصول سے امراض قلب سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے، سبز پتوں والی سبزیاں جیسے پالک اور گوبھی کی نسل کی سبزیوں میں وٹامن K1 کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔
ان سبزیوں کو آسانی سے روزانہ کی غذا کا حصہ بنایا جاسکتا ہے، دل کی شریانوں کے ساتھ ساتھ یہ وٹامن عضلاتی صحت کے لیے بھی مفید ہوتا ہے جس سے ہڈیوں کی مضبوطی بڑھتی ہے۔
محققین کے مطابق روزانہ ڈیڑھ کپ ان سبزیوں کا استعمال وٹامن K کے حصول کا آسان ذریعہ ہے اور جان لیوا امراض قلب سے بچنے میں مدد بھی ملتی ہے۔
وٹامن سے خون کی شریانیں تنگ ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج سے بچنے میں مدد ملتی ہے، وٹامن K1 سے بھرپور سبز پتوں والی سبزیاں دل کی صحت کے لیے بہت اہم ثابت ہوسکتی ہیں۔