اسلام آباد: ناراض حکومتی رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے شو کاز نوٹس کا جواب دیدیا ۔ تفصیلات کے مطابق ناراض حکومتی رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور غیر حقیقی ہیں، میں نے کوئی ایسا انٹرویو میڈیا میں نہیں دیا جس کی وضاحت کی ضرورت پڑے۔ نور عالم خان کا کہنا ہے کہ میں نے پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑا ہے نہ ہی پارلیمانی پارٹی سے الگ ہوا ہوں، میرے اوپر آئین کے آرٹیکل 63 کا ہر گز اطلاق نہیں ہوتا، شوکاز نوٹس میں لگائے الزمات کی سختی سے تردید کرتا ہوں،انہوں نے کہا کہ تمام الزامات غلط ہیں لہذا پرسنل پیشی کی ضرورت بھی محسوس نہیں کرتا۔ خیال رہے کہ نور عالم خان کو پی ٹی آی کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے شو کاز نوٹس جاری کیا تھا، پی ٹی آئی کی جانب سے ناراض ارکان کو چھبیس مارچ تک شو کاز کا جواب دینے کی مہلت دی گئی تھی۔