(ویب ڈیسک ) چیف میٹرولوجسٹ محمد افضال کا کہنا ہے کہ عید الفطر کے دنوں میں موسم گرم اور خشک رہ سکتا ہے جبکہ بڑے شہر گرمی کی وجہ سے زیادہ متاثر ہوں گے۔
چیف میٹرولوجسٹ محمد افضال نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اس سال ہمیں خشک سالی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، یکم ستمبر 2024ء سے 26 مارچ 2025ء تک 42 فیصد کم بار شیں ہوئیں۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ میں بارشیں معمول سے 63 فیصد کم ہوئی ہیں، پنجاب اور کے پی میں معمول سے 41 فیصد کم بارشیں ہوئیں، آگے بھی ہم بارشیں بہت کم دیکھ رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے خشک سالی سے متعلق ایک الرٹ بھی جاری کیا ہے، فصلوں کے لئے پانی کم ہو گا جو زراعت کو متاثر کرے گا، جنگلی حیات پر بھی منفی اثرات ہوں گے، پانی کی کمی سے بیماریاں بھی متوقع ہیں۔
محمد افضال نے امکان ظاہر کیا کہ ملک کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 2 سے 3 ڈگری زیادہ رہ سکتا ہے، آئندہ مہینوں میں بھی ملک بھر میں دن کے وقت درجہ حرارت زیادہ رہنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ محمد افضال نے مزید کہا کہ درجہ حرارت کے بڑھنے سے گلیشئرز پگھلیں گے، تربیلا اور منگلا ڈیموں میں ذخیرہ شدہ پانی کی شدید قلت ہے، راولپنڈی اور اسلام آباد میں زیرِ زمین پانی 150 فٹ تک نیچے چلا گیا ہے، بارشیں نہ ہونے پر جڑواں شہروں میں 150 فٹ تک بور بھی خشک ہونے کا خطرہ ہے۔