ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری سےگورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی الیکشن سیل کے ممبر اورمرکزی رہنما بیرسٹر عامر حسن اور دیگر کیساتھ ملاقات ، صدر مملکت نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے پاکستان کی سالمیت اور اس کے دفاع کے لیے پرعزم ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ٹوٹے ہوئے پاکستان کو ایٹمی پروگرام دیا جبکہ محترمہ شہید نے میزائل ٹیکنالوجی دی، 2013 کی پیپلز پارٹی حکومت نے پاک فضائیہ کو مزید مضبوط کیا اور آج بھی ہم پاکستان کے دفاع کو مضبوط کر رہے ہیں۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہندوتوا والوں کا اکھنڈ بھارت کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا،ہم نے آج سے 18 برس قبل بی بی کی شہادت کے وقت پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا تھا،اس وقت بھارت کی طرف سے سندھ کو توڑنے کی کوشش کی گئی تاکہ پاکستان کو کمزور کیا جائے، تو تب بھی میں نے پاکستان کا نعرہ لگا کے یہ بتایا تھا کہ سندھ پاکستان ہے اور پاکستان سندھ ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تمام اکائیاں مضبوطی سے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی ملک کے اندر سیاسی استحکام کے لیے کام کرنا چاہتی ہے۔
آصف علی زرادی نے کہا اسی لیے ہم پنجاب کے اندر مسلم لیگ ن کے ساتھ مل کے کر رہے ہیں تاکہ پنجاب کے عوام کو اور پاکستان کے عوام کو ریلیف دیں۔
کیونکہ پاکستان میں سیاسی نظام کو مضبوط کرنا، جمہوریت کو مضبوط کرنا اور سیاسی قوتوں کے درمیان ڈائیلاگ اور ہم آہنگی ہمارا مقصد ہے، پاکستان کے مسلح افواج کو خراج تحسین اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔