(ویب ڈیسک) حج کے مناسک کی ادائیگی شروع ہوچکی ہے جبکہ حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ آج ادا کیا جائے گا۔
پیر کے روز 8 ذوالحج کو عازمین حج نے منیٰ میں یومِ ترویہ عبادات میں گزارا، شدید گرمی کے باعث عازمینِ حج نے دن کا بیشتر وقت خیموں میں گزارا، شام کو موسم خوشگوار ہوتے ہی منیٰ کی گلیوں اور سڑکوں پر عازمینِ حج کی چہل پہل بڑھ گئی۔
دنیا بھر سے آئے تقریباً 20 لاکھ مسلمان اس وقت منیٰ میں موجود ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے عازمینِ حج نے منیٰ میں ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کیں، منیٰ سے میدانِ عرفات کی جانب اولین قافلوں کی روانگی شام کو شروع ہوگئی۔
آج 9ذوالحج کو عازمینِ حج کا رکن اعظم وقوفِ عرفات ادا کریں گے، آج ظہر کی نماز سے قبل تمام عازمینِ حج میدانِ عرفات پہنچ جائیں گے، مجسد نمرہ میں ہونے والے خطبہ حج کو سنیں گے جو امام مسجد نبوی علی عبد الرحمٰن الحذیفی دیں گے۔
غروبِ آفتاب کے بعد حجاج مزدلفہ روانہ ہوں گے اور آج رات مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے گزاریں گے۔
دوسری جانب سعودی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ منیٰ اور عرفات میں موسم شدید گرم ہے،یومِ عرفہ پر بھی درجہ حرارت تقریباً 45 ڈگری رہنے کا امکان ہے۔