ویب ڈیسک: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں عیدالاضحیٰ اور یومِ عرفہ کے موقع پر سرکاری اور تعلیمی اداروں کے لیے طویل تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت سرکاری دفاتر، اسکولز اور متعدد نجی تعلیمی ادارے کئی روز تک بند رہیں گے۔
وفاقی اتھارٹی برائے گورنمنٹ ہیومن ریسورسز کے اعلامیے کے مطابق سرکاری ملازمین کے لیے تعطیلات پیر 25 مئی سے شروع ہوں گی اور جمعہ 29 مئی تک جاری رہیں گی۔ سرکاری سرگرمیاں دوبارہ یکم جون سے شروع ہوں گی۔
دبئی میں ذوالحجہ کے چاند دیکھنے کے لیے خصوصی عوامی تقریب بھی منعقد کی جائے گی۔ اسلامی امور و فلاحی سرگرمیوں کے محکمے کے مطابق یہ تقریب 17 مئی اتوار کو جبل نزویٰ ٹریل میں شام 5 بجے سے غروبِ آفتاب تک جاری رہے گی، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
ماہرین فلکیات کے مطابق امکان ہے کہ ذوالحجہ کا آغاز 18 مئی پیر سے ہو گا۔ امارات فلکیاتی سوسائٹی کے چیئرمین ابراہیم الجروان کے مطابق نیا چاند 17 مئی کی شب 12 بج کر ایک منٹ پر پیدا ہوگا، تاہم حتمی اعلان رویتِ ہلال کمیٹی کرے گی۔ یومِ عرفہ 26 مئی منگل اور عیدالاضحیٰ 27 مئی بدھ کو منائی جا سکتی ہے۔
وزارتِ تعلیم نے بھی تصدیق کی ہے کہ تیسرے تعلیمی ٹرم کی وسط مدتی تعطیلات عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کے ساتھ یکجا ہوں گی۔ طلبہ، اساتذہ اور انتظامی عملے کے لیے 25 سے 29 مئی تک تعطیلات ہوں گی، اور تعلیمی سرگرمیاں یکم جون سے دوبارہ شروع ہوں گی۔
نجی اسکولز میں بھی یہی شیڈول نافذ ہوگا، جبکہ شارجہ پرائیویٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ شارجہ کے نجی تعلیمی ادارے 25 سے 28 مئی تک بند رہیں گے، جس کے باعث ہفتہ وار تعطیلات ملا کر طلبہ کو تقریباً 10 روز کی چھٹیاں ملنے کا امکان ہے۔