(ویب ڈیسک )بنگلہ دیشی حکام نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے بینک لاکرز سے تقریباً 10 کلوگرام سونا ضبط کر لیا، جس کی قیمت تقریباً 13 لاکھ امریکی ڈالر بنتی ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق نیشنل بورڈ آف ریونیو کے سینٹرل انٹیلی جنس سیل (سی آئی سی) کے حکام نے بتایا ہے کہ یہ دریافت ستمبر میں ضبط کیے گئے لاکرز کھولنے کے دوران ہوئی۔
سی آئی سی کے ایک سینئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتایا کہ عدالتی حکم کے بعد ہم نے لاکرز کھولے، جہاں سے شیخ حسینہ کی ملکیت تقریباً 9.7 کلوگرام سونا ملا، جس میں سونے کے سکے، سونے کی اینٹیں اور زیورات شامل تھے۔
تحقیقات سے پتہ چلا کہ سابق حسینہ واجد نے عہدے کے دوران ملنے والے بعض تحائف توشہ خانہ میں جمع نہیں کرائے جو قانون کے مطابق ضروری تھا۔
نیشنل بورڈ آف ریونیو ممکنہ طور پر ٹیکس چوری کے معاملات کی بھی تحقیقات کررہا ہے کہ آیا حسینہ واجد نے بازیاب سونا اپنی ٹیکس فائلنگ میں ظاہر کیا یا نہیں۔
خیال رہے کہ رواں ماہ انٹرنیشنل کرائمز ٹربیونل نے طلبہ کی زیر قیادت احتجاج کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کے الزام میں حسینہ واجد کو موت کی سزا سنائی تھی۔اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق اس کریک ڈاؤن میں تقریباً 1400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔