ظالم حکومت کا راستہ روک کر ہی مہنگائی کا راستہ روکا جا سکتا ہے

ظالم حکومت کا راستہ روک کر ہی مہنگائی کا راستہ روکا جا سکتا ہے

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یکم نومبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گا ، یکم نومبر کو گیس بجلی آٹا چینی انڈے دالیں تیل سبزیاں پھل دوائی سب مہنگے ہونگے، نومبر کے مہینے میں گیس مہنگی بھی ہو گی اور ملے گی بھی نہیں.

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ تین سال آئی ایم ایف کی تابعداری میں عوام کا معاشی قتل کیا گیا ہے، ہر روز عوام کو غریب اور بے روزگار کیا جا رہا ہے، عمران صاحب کی کوئی سمت نہیں، کوئی حکمت عملی نہیں، مہنگائی کے ستر سال کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں، نالائقی ناہلی اور کرپشن کے تاریخی ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں، ہر روز آٹا ، چینی ، انڈے ، سبزیاں ، پھل ،خورنی تیل ، گھی، پڑول ، گیس ، بجلی دوائی مہنگی ہو رہی ہے، ملک میں ترقی کے عمل اور تمام منصوبوں کو تالا لگا ہوا ہے.

ان کا کہنا تھا کہ والدین بچوں کے سکول کے سردی کے یونیفارم خریدنے کے قابل نہیں رہے ، لوگ ماں باپ کے لئے دوائی نہیں خرید سکتے، لوگ گھر کا کرایہ دینے سے مجبور ہوچکے ہیں، خواتین گھر کا سوداسلف نہیں خرید سکتیں ، عوام کے چولہے بجھ چکے ہیں اور جیب خالی ہے، ظالم حکومت کا راستہ روک کر ہی مہنگائی کا راستہ روکا جا سکتا ہے.

انہوں نے کہا یکم نومبر کو پھر عمران صاحب مہنگائی کا نوٹس لینے کا ڈرامہ کریں گے ، پاکستان اور عوام کے ہر مسئلے کا واحد حل عمران صاحب کے استعفیٰ میں ہے.

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔