جانتے ہیں فائنل میں کیا کرنا ہے،ہم تیارہیں، سلمان علی آغا کا دبنگ اعلان

جانتے ہیں فائنل میں کیا کرنا ہے،ہم تیارہیں، سلمان علی آغا کا دبنگ اعلان
کیپشن: جانتے ہیں فائنل میں کیا کرنا ہے،ہم تیارہیں، سلمان علی آغا کا دبنگ اعلان

ویب ڈیسک: قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے بنگلادیش کے خلاف اہم کامیابی کے بعد کہا ہے کہ ٹیم فائنل کے بڑے معرکے کے لیے بھرپور تیاری کر چکی ہے اور کھلاڑی جانتے ہیں کہ فیصلہ کن میچ میں کیا حکمتِ عملی اپنانی ہے۔

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے سپر فور مرحلے میں دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان نے بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سلمان آغا نے کہا کہ ’’اگر آپ اس طرح کے میچز جیتیں تو آپ واقعی ایک خاص ٹیم ہیں۔‘‘ ان کے مطابق بولرز نے شاندار بولنگ اور فیلڈرز نے بہترین کارکردگی دکھا کر فتح یقینی بنائی۔

کپتان نے خاص طور پر شاہین شاہ آفریدی کی شاندار بولنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ابتدا سے ہی حریف ٹیم پر دباؤ ڈالا، جس نے میچ کا پانسہ پلٹنے میں اہم کردار ادا کیا۔ سلمان آغا نے پر اعتماد لہجے میں کہا، ’’ہم جانتے ہیں کہ ہم نے فائنل میں کیا کرنا ہے، ہم تیار ہیں۔‘‘

قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ایشیا کپ کی 41 سالہ تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔ رواں ایونٹ میں دونوں ٹیمیں دو مرتبہ آمنے سامنے آ چکی ہیں اور دونوں بار بھارت فاتح رہا۔ اب شائقین کرکٹ 28 ستمبر کو ایک تاریخی فائنل میں دونوں روایتی حریفوں کے مابین سنسنی خیز مقابلہ دیکھیں گے۔

اعداد و شمار کے مطابق بھارت 8 بار، سری لنکا 6 بار جبکہ پاکستان اب تک صرف 2 بار ایشیا کپ کی ٹرافی جیت چکا ہے۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق اس بار پاکستان کے پاس تاریخ بدلنے کا سنہری موقع موجود ہے۔

Watch Live Public News