ویب ڈیسک: پاکستان کرکٹ ٹیم نے ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے بنگلادیش کو 11 رنز سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔ گرین شرٹس کی اس کامیابی کے ساتھ ہی شائقین کرکٹ کو ایک تاریخی مقابلے کا انتظار ہے، کیونکہ 41 سالہ ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلی بار پاکستان اور بھارت فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔
دبئی میں کھیلے گئے اہم میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 136 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں بنگلادیش کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 124 رنز ہی بنا سکی۔ پاکستان کے بولرز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف بیٹرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا اور ایونٹ کے سب سے بڑے معرکے تک رسائی یقینی بنائی۔
واضح رہے کہ بھارت پہلے ہی سپر فور مرحلے میں مسلسل فتوحات کے بعد فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا تھا۔ کرکٹ شائقین کے لیے یہ موقع انتہائی یادگار ہوگا کیونکہ 1984 سے شروع ہونے والے ایشیا کپ کے 16 ایڈیشنز میں کبھی بھی پاکستان اور بھارت ایک ساتھ فائنل تک نہیں پہنچ سکے تھے۔ تاہم اب 28 ستمبر کو دبئی کے میدان میں تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے جب دونوں روایتی حریف پہلی بار فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔
اعداد و شمار کے مطابق بھارت اب تک سب سے زیادہ 8 بار ایشیا کپ جیت چکا ہے، سری لنکا نے 6 مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی جبکہ پاکستان صرف 2 بار یہ اعزاز حاصل کر سکا ہے۔ اس بار پاکستانی ٹیم کے پاس اپنی تاریخ کو مزید روشن کرنے کا سنہری موقع موجود ہے۔