ویب ڈیسک: ٹنڈوالہ یار میں دریائے سندھ سے 6 نہریں نکالنے کے منصوبے کے خلاف ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے قومی عوامی تحریک کے رہنما ایاز لطیف پلیجو نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس منصوبے کے خاتمے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے خطاب میں ایاز لطیف پلیجو نے الزام عائد کیا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے اس متنازع منصوبے کی سمری پر دستخط کیے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سندھ کی معیشت میں دریائے سندھ کو مرکزی حیثیت حاصل ہے، اور 6 نہریں نکالنے کی اسکیم صوبے کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔ منصوبے کے خاتمے کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔
ایاز لطیف پلیجو نے مزید کہا کہ سندھ کو بنجر بنانے کی سازش کی جارہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسے اہم موقع پر سندھ اسمبلی، منتخب ایم این ایز اور ایم پی ایز کی خاموشی افسوسناک ہے۔