اسحاق ڈار کا چین اور برطانیہ سے رابطہ، بھارتی پروپیگنڈہ مسترد

اسحاق ڈار کا چین اور برطانیہ سے رابطہ، بھارتی پروپیگنڈہ مسترد

ویب ڈیسک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے خطے کی موجودہ صورت حال پر چین اور برطانیہ سے رابطہ کیا ہے اور بھارت کے بے بنیاد پروپیگنڈے کو مسترد کردیا ہے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے چین کی سی پی سی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن اور چین کے وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے چینی وزیر خارجہ وانگ یی کو موجودہ علاقائی صورتحال کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے ساتھ ساتھ پاکستان کے خلاف بے بنیاد بھارتی پروپیگنڈے کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کردیا۔

نائب وزیراعظم نے چین کی مسلسل اور غیر متزلزل حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہوئے پاک چین دوستی اور ہمہ موسمی اسٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کے مشترکہ وژن کے لیے پاکستان کے مستحکم عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے پر زور دیا۔

فریقین نے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے، باہمی احترام اور افہام و تفہیم کو فروغ دینے اور یکطرفہ اور تسلط پسندانہ پالیسیوں کی مشترکہ مخالفت کرنے کے اپنے پختہ عزم کا بھی اعادہ کیا۔ انہوں نے خطے اور اس سے باہر امن، سلامتی اور پائیدار ترقی کے اپنے مشترکہ مقاصد کے فروغ کے لیے ہر سطح پر قریبی رابطے برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔

دریں اثنا وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی سے رابطہ کرکے انہیں خطے کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ دی۔

ترجمان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے بدلتی ہوئی صورتحال کے حوالے سے فعال رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔

Watch Live Public News