ویب ڈیسک: بھارتی فلم و ٹی وی انڈسٹری کے سینئر اداکار بھرت کپور 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
ان کے انتقال کی تصدیق اداکار اوتار گل نے کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ چند روز سے علیل تھے اور ان کے جسم کے متعدد اعضا نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔
بھرت کپور 15 اکتوبر 1945 کو پیدا ہوئے اور انہوں نے تقریباً چار دہائیوں پر محیط ایک بھرپور اور کامیاب فنی سفر طے کیا۔ انہوں نے 1970 کی دہائی میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور جلد ہی بالی ووڈ میں ایک منفرد شناخت قائم کر لی۔
وہ اپنی گہری آواز، مؤثر تاثرات اور منفی کرداروں کی جاندار اداکاری کے لیے خاص طور پر جانے جاتے تھے۔
ان کی نمایاں فلموں میں قربان، نوری، بازار، غلامی، منڈی اور رئیس زادہ شامل ہیں۔ فلموں کے علاوہ انہوں نے ٹی وی ڈراموں میں بھی یادگار کردار ادا کیے۔
ان کے انتقال پر فلمی حلقوں اور مداحوں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔