ویب ڈیسک: سرگودھا میں خواتین کو بلیک میل کرنے کے سنگین مقدمے میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار شخص خواتین کی تصاویر بنا کر انہیں ہراساں اور بلیک میل کرتا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ نے فوری طور پر واقعے کا نوٹس لیا اور ڈی پی او سرگودھا سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو ہراساں کرنے اور بلیک میلنگ جیسے جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
حنا پرویز بٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کے تحفظ کے حوالے سے انتہائی سنجیدہ ہے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی عزت اور وقار پر حملہ کرنے والے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ایسے عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس کے دیگر جرائم یا ممکنہ ساتھیوں کا بھی پتا لگایا جا سکے۔ اس کیس کو تیز رفتاری سے آگے بڑھانے کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے تاکہ متاثرہ خواتین کو فوری انصاف فراہم کیا جا سکے۔