آرمی چیف کی ہدایت پرسیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

آرمی چیف کی ہدایت پرسیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر
کیپشن: آرمی چیف کی ہدایت پرسیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

ویب ڈیسک: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی ہدایت پر سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ  لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے سیلابی صورتحال سے پریشان حال پاکستانیوں کیلئے امدادی سرگرمیوں کی تفصیلات شیئر کردی ہیں، انہوں نے بتایاکہ ریسکیو سرگرمیوں کے دوران پاک فوج کے دو اہلکار شہید اور 2 زخمی بھی ہوئے ہیں۔

وزیراطلاعات اور چیئرمین این ڈی ایم اے کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں، سیلاب سے متاثرہ تین بڑے پلوں کی مرمت کی گڑی، پنجاب ، خیبرپختونخو ا اور آزاد کشمیر میں فلڈ یونٹس کام کررہے ہیں،  26 ہزار افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جاچکا ہے، 20 ہزار سے زائد لوگوں کو طبی امداد فراہم کی گئی۔

ان کا کہناتھاکہ سیلاب متاثرین میں 225 ٹن راشن متاثرین تقسیم کیا جا چکا ہے جبکہ اس وقت  کرتاپور میں ایک بڑا آپریشن جاری ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی ہدایات کے مطابق مکمل طور پر پاک فوج کے دستے ایکٹو ہیں  اور امدادی کارووائیاں جاری ہیں، مقامی انتظامیہ کے ساتھ مل کر 104 سڑکوں کو کلیئر کیا گیا ہے جبکہ خیبرپختونخوا کی تمام سڑکیں کلیئر کی جاچکی ہیں۔ 

وفاقی وزیر اطلاعات  عطاء اللہ تارڑ:

وفاقی وزیر اطلاعات  عطاء اللہ تارڑ  نے بارشوں اور سیلابی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  پنجاب کے تین دریائوں میں سیلابی صورتحال ہے،این ڈی ایم اے پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سے مکمل رابطے میں ہے، دریائے ستلج میں گنڈاسنگھ والا، دریائے چناب میں مرالہ اور مرالہ سے ہیڈ خانکی کی طرف پانی کا بہاؤ بڑھ گیا ہے،  خانکی کے مقام پر 10 لاکھ کیوسک سے بڑھ چکا ہے، قادر آباد کیی طرف پانی کا بہاؤ بڑھے گا،قادر آباد میں مقامی حکام اور ضلعی انتظامیہ کو لوگوں کے انخلاء کے حوالے سے این ڈی ایم اے نے مطلع کر دیا ہے۔   این ڈی ایم اے کی طرف سے بروقت اطلاع فراہم کی جا رہی ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سیلاب کی صورتحال کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی،وزیراعظم نے پیشگی اطلاع کے معاملے کو موثر بنانے اور ریلیف سرگرمیوں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ہے، این ڈی ایم اے کی طرف سے خیمے اور دیگر اشیاء فراہم کی جا رہی ہیں،دریائے راوی میں جسڑ اور شاہدرہ کی طرف صورتحال قدرے بہتر ہے،تمام تر حفاظتی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

 وزیر اطلاعات نے بتایا کہ  صوبائی حکومت اور این ڈی ایم اے مل کر اس صورتحال سے نمٹ رہی ہے، وزیراعظم اس معاملے پر مکمل آگاہی حاصل کئے ہوئے ہیں،اگلے 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران موسم کی صورتحال کے بارے میں بھی وزیراعظم نے اپ ڈیٹ لی، پیشگی اطلاع کا نظام بہت کارآمد ثابت ہوا ہے، پیشگی اطلاع ملنے سے لوگوں کا انخلاء ممکن ہوا۔

انہوں نے کہا کہ دریائوں کی صورتحال کو مسلسل مانیٹڑ کیا جا رہا ہے،یہ نیشنل رسپانس ہے جس میں پاک فوج اور تمام ادارے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں،اگلے چند دنوں لوگوں کے نقصانات کا جائزہ لیا جائے گا اور ان کی بحالی کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔

Watch Live Public News