(ویب ڈیسک ) الخدمت فاؤنڈیشن نے پنجاب کے مختلف اضلاع قصور، سیالکوٹ، نارووال اور لاہور میں سیلاب متاثرہ افراد کے لیے ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ علاقے قصور اور سیالکوٹ ہیں جہاں الخدمت کی ٹیمیں ہائی الرٹ پر رہتے ہوئے متاثرین کو محفوظ مقامات تک منتقل کر رہی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اب تک چار کشتیوں اور چار ایمبولینسوں کی مدد سے 234 افراد کو ریسکیو کیا گیا ہے، جبکہ موبائل ہیلتھ یونٹس اور چار میڈیکل کیمپس کے ذریعے 1323 مریضوں کا علاج کیا جا چکا ہے۔ متاثرہ افراد میں 2123 افراد کو پکا پکایا کھانا، 200 خاندانوں کو فوڈ پیکجز اور 760 افراد کو صاف پانی کی بوتلیں فراہم کی گئی ہیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں جنہیں فوری امداد کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق پنجاب میں 460 رضاکار امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جبکہ دو موبائل ہیلتھ یونٹس اور ایک ریسپانس وہیکل بھی متاثرہ اضلاع کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب کے ساتھ ساتھ خیبرپختونخوا اور گلگت میں بھی الخدمت کے رضاکار دن رات سیلاب متاثرین کی خدمت میں مصروف ہیں۔ رضاکار نہ صرف کھانا اور پانی فراہم کر رہے ہیں بلکہ گھروں اور دکانوں سے ملبہ ہٹانے میں بھی مدد کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں میں سب سے کم حصہ ڈالنے کے باوجود ان کے اثرات کا سب سے زیادہ شکار ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔