ویب ڈیسک: اسلام آباد کے پمز اسپتال میں ہولناک آتشزدگی سے متعلق فائر بریگیڈ کی رپورٹ سامنے آگئی، جس میں اسپتال کے حفاظتی انتظامات پر سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پمز اسپتال میں مطلوبہ فائر سیفٹی انتظامات موجود نہیں تھے، جبکہ ایمرجنسی کے داخلی اور خارجی راستے بھی بند تھے۔
فائر بریگیڈ کے مطابق آگ لگنے کی اطلاع ملنے کے 6 منٹ بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو جائے حادثہ پر دھوئیں کے باعث صورتحال انتہائی تشویشناک تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی اسٹاف نے ریسکیو ٹیموں کی رسائی میں رکاوٹ ڈالی، جبکہ جائے وقوعہ پر غیر معمولی رش بھی موجود تھا۔
دوسری جانب پمز اسپتال انتظامیہ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جسے رپورٹ پیش کرنے کے لیے 48 گھنٹے کی مہلت دی گئی ہے۔
پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رانا عمران سکندر نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ہر کام ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے خود نہیں کرنا ہوتا، اس کی ذمہ داری نگرانی کرنا ہے اور انہوں نے اپنا کام درست طریقے سے کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت صدمے کی کیفیت سے گزر رہے ہیں اور پہلے انکوائری مکمل ہونے دی جائے، اس کے بعد الزامات عائد کیے جائیں۔