ویب ڈیسک: بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی کے علاقے تلک نگر میں 21 سالہ طالبہ و ماڈل کو گھر کے اندر چھریوں کے وار کرکے قتل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقتولہ کی شناخت مسکان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ واردات میں اس کا جِم ٹرینر عمران ملوث ہے، جو واقعے کے بعد سے فرار ہے۔
پولیس کے مطابق بدھ کے روز مسکان اپنی رہائش گاہ کی دوسری منزل پر واقع اپارٹمنٹ میں اکیلی تھی کہ مبینہ طور پر عمران نے اس پر چھری سے حملہ کردیا۔ مسکان کی چیخیں سن کر پڑوسی موقع پر پہنچے تو وہ خون میں لت پت پڑی تھی۔ پڑوسیوں نے مسکان کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔
اہلخانہ کا ملزم پر ہراسانی کا الزام
مقتولہ کے دوست امان نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ مسکان 3 بہنوں میں سب سے چھوٹی تھی۔ ان کے مطابق مسکان کی بڑی بہن، جو اس وقت چندی گڑھ میں موجود تھیں، نے فون کرکے انہیں فوری طور پر گھر پہنچنے کو کہا، کیونکہ مسکان پر چھریوں سے حملہ کیا گیا تھا۔
امان نے دعویٰ کیا کہ مسکان کے اہلخانہ کے مطابق عمران کافی عرصے سے اسے ہراساں اور پریشان کر رہا تھا اور ماضی میں بھی ایسا کرچکا تھا، جس کے باعث واقعے کے بعد پولیس کا شک اس کی جانب گیا۔
پولیس کی تحقیقات جاری
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس ابھشیک گپتا نے صحافیوں کو بتایا کہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
پولیس جائے وقوعہ اور اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ مشتبہ ملزم کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا جاسکے۔
پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کے بعد قتل کی وجوہات اور واقعے کی مکمل تفصیلات سامنے آسکیں گی۔