ویب ڈیسک: ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ علاقائی چیلنجز کا پائیدار حل بات چیت اور سفارتکاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 24 اگست کو ایران کا دورہ کیا، جہاں ایرانی حکام سے خطے میں کشیدگی کم کرنے پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ اس سے قبل وزیر خارجہ نے 14 اگست کو تہران کا دورہ کیا تھا۔
افغانستان سے متعلق ترجمان نے کہا کہ پاکستان ریاستی سطح پر بات چیت کے لیے تیار ہے، تاہم افغان عبوری حکومت کو ثابت کرنا ہوگا کہ وہ دہشتگردی کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہی ہے۔
بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف کے کرانہ ہلز حملے سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان کے اسٹریٹجک اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ان کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بھارتی حکام کے بیانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’بالی ووڈ اسٹائل بیانات‘‘ کی کوئی اہمیت نہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی ایک سال کے لیے چیئرمین شپ سنبھال لی ہے اور 2027ء میں ایس سی او سربراہ اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف بشکیک میں ایس سی او کانفرنس میں شرکت کے دوران مختلف ممالک کی قیادت سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔