اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے محمد اشرف کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ساہیوال سے رُکن قومی اسمبلی محمد اشرف کی گرفتاری سیاسی انتقام ہے، عمران خان کے کہنے پر اینٹی کرپشن پنجاب کو سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیاجارہا ہے، پی ٹی آئی آج بھی بد ترین سیاسی انتقام کی اپنی منفی روش پر کاربند ہے، چار سال آپ یہ سب کرکے دیکھ چکے ہیں۔ شہبا ز شریف نے کہا کہ سیاسی انتقام کا ملک اور عوام کو ناقابل تلافی نقصان ہوا، نیب، ایف آئی اے کی طرح اب اینٹی کرپشن پنجاب کو سیاسی مخالفین کے خلاف استعمال کرنا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، سیاسی انتقام سے مخالفین کو دھمکانے کے بجائے عوامی مسائل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے گرفتار رکن قومی اسمبلی محمد اشرف سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی چوہدری محمد اشرف کو محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے گرفتار کرلیا ہے۔ محکمہ اینٹی کرپشن کی طرف سے دائر کردہ ایف آئی آر کے مطابق چوہدری محمد اشرف نے 157 ایکڑ 1 کنال 16 مرلے سرکاری اراضی جعلسازی اور فراڈ سے محمد سلیم پٹواری اور ریاست علی گرداور سے مل کر جعلی گرداوری بنا کر اپنے قبضہ میں رکھی ہوئی تھی۔ چوہدری محمد اشرف پر الزام ثابت ہونے پر محکمہ اینٹی کرپشن نے گرفتار کیا ہے۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ چوہدری محمد اشرف نے ایک فرضی شخص شریف احمد ہاشمی کو جعلی الاٹی ظاہر کرکے سرکاری رقبہ پر قبضہ کیا ہوا تھا۔ محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے انکوائری کرکے مقدمہ نمبر 18/22 درج کرکے ایم این اے چوہدری محمد اشر ف کو گرفتار کیا ہے۔ خیال رہے کہ چوہدری محمد اشرف ساہیوال کے حلقہ نمبر 161 سے مسلم لیگ (ن) کے ممبر قومی اسمبلی ہیں۔