ویب ڈیسک: پاکستان نے یمن میں امن و استحکام کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ یمن میں حالیہ پیشرفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان جمہوریہ یمن میں امن اور استحکام کے قیام کے لیے سعودی عرب کی سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے اور متحدہ عرب امارات کی کوششوں کو بھی سراہتا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے فریقین کو جامع اور مذاکراتی سیاسی حل کے لیے تعمیری انداز میں بات چیت کی اہمیت پر زور دیا ہے، اور نیک نیتی سے بات چیت کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔
پاکستان نے یمن کی وحدت اور علاقائی سالمیت کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ امید کرتا ہے کہ یمنی فریقین کسی بھی یکطرفہ اقدام سے گریز کریں گے جو صورتحال میں مزید کشیدگی کا باعث بنے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان امید کرتا ہے کہ جاری سفارتی کوششیں یمن میں دیرپا امن کے قیام کے لیے ٹھوس اقدامات کا باعث بنیں گی اور یمنی عوام کی تکالیف کا خاتمہ ممکن ہو گا۔