اسلام آباد: وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا میں رہنے کیلئے اللہ نے قائم کیا ہے اور یہ واحد ملک ہے جو کلمے کے نام پر بنا ہے ، سعودی عرب بھی کلمے کے نام پر نہیں بنا ہے ، اس کی خوشحالی اور ترقی اللہ کے ذمے ہے ۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ جو ڈرامہ 5 سال پہلے شروع ہوا تھا ، پاکستان آج اس کے نتائج بھگت رہا ہے ، سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دور میں معیشت مضبوط ہو رہی تھی ، ہماری اسٹاک مارکیٹ جنوبی ایشیا میں بہترین تھی اور دنیا میں پانچویں نمبر پر بھی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ 5 سال میں جو پانامہ ڈرامہ، پاکستان مسلم لیگ ن کو فارغ کرو آج اس طرح کی چیزیں پاکستان بھگت رہا ہے ، سابق وزیر اعظم نواز شریف کے دور میں دنیا کے تمام ادارے ہماری طرف دیکھ رہے تھے، بدقسمتی سےآج 5 سال بعد بھی ہم کہاں کھڑے ہیں؟ پچھلے سال پاکستان کی معیشت دنیا کی 45ویں معیشت تھی، 24 ویں معیشت سے 20 ویں معیشت پر داخل ہونے کی پیشگوئی کی گئی تھی ، کیا وجہ ہے کہ پیشگوئی کے باجود ہم 47ویں معیشت بن چکے ہیں ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو بے پناہ چیلنجز ملے ہیں، شہباز شریف کی لیڈرشپ میں پوری ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے، محنت اور نیت درکار ہے پاکستان ترقی کرے گا، شہباز شریف کی قیادت میں پوری کوشش کریں گے کہ پاکستان کے حالات میں بہتری لاسکیں، کوشش کریں گے کہ الیکشن سے پہلے ہی بہتری لائیں ، آپ کے پاس تاریخ موجود ہے کہ کس نےمعیشت کی بہتری کیلئے کام کیا ہے ۔