دوسرا ملتان ٹیسٹ: پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں 120رنز سے عبرتناک شکست

دوسرا ملتان ٹیسٹ: پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں 120رنز سے عبرتناک شکست
کیپشن: دوسراملتان ٹیسٹ آخری مراحل میں داخل،پاکستان پر شکست کے سائے

ویب ڈیسک: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے آخری میچ میں پاکستان کو 120 رنز سے عبرتناک شکست کاسامنا کرنا پڑگیا ہے۔ ویسٹ انڈیز نے دو ٹیسٹ میجچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق 254 رنز کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن بری طرح فلاب ہوگئی اور اپنے ہی بنائے ہوئے اسپن کے جال میں پھنس گئی۔ پاکستان کی پوری ٹیم 133 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ بابر اعظم 31 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔

کھیل کے تیسرے دن کے آغاز پر ہی سعود شکیل 13 اور نائٹ واچ مین کاشف علی ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ سلمان علی آغا 15 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

کھیل کا دوسرا روز:

  ملتان ٹیسٹ کے دوسرے روز اور دوسری اننگز میں پاکستان ٹیم مشکلات سے دوچار ہوگئی اور ویسٹ انڈیز کے 254 رنز کے تعاقب میں 76 رنز پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے تھے۔

کپتان شان مسعود اور محمد ہریرہ 2، 2 رن بنا سکے،کامران غلام 19 اور بابر اعظم 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ملتان ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز 9 رن کی برتری کے ساتھ شروع کی تھی، کپتان بریتھ ویٹ اور میکائیل لوئیس نے 50 رنز کی بنیاد رکھی، میکائل 7 رن بنا کر آؤٹ ہوئے پھر عامر جنگو نے کپتان کے ساتھ اسکور 92 تک پہنچایا۔

بریتھ ویٹ کی 52 رنز کی اننگز نعمان علی نے تمام کی، اس کے بعد رنز بھی بنتے رہے اور وکٹیں بھی گرتی رہیں۔

املاچ نے 35 اور سنکلیئر نے 28 رنز بنائے اور ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 244 رنز بنا کرآؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو جیت کیلئے 254 رنز کا ہدف دیا۔

نعمان علی اور ساجد خان نے چار چار وکٹیں حاصل کیں، ابرار اور کاشف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

دوسرے ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پہلی اننگز میں 163 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی، پاکستان کی ٹیم 163 رنز کے جواب میں اپنی پہلی اننگز میں 154 رنز بنا سکی تھی۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ پاکستان نے جیتا تھا۔

Watch Live Public News