ویب ڈیسک: وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے رمضان المبارک میں عوام کو 10 ہزار روپے کیش دینے کے لیے " رمضان نگہبان پیکیج" کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد مہنگائی کے بوجھ کو کم کرنا ہے۔ اس پیکیج کے تحت پنجاب کے تقریباً ایک کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔
47 ارب روپے کے اس پیکیج میں 42 لاکھ مستحق خاندانوں کو فی خاندان10 ہزار روپے دیے جائیں گے۔ راشن کارڈ ہولڈرز کے لیے ماہانہ امداد 3,000 سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔
مستحقین بینک آف پنجاب (BOP) کے برانچ لیس بینکنگ ایجنٹس اور ون لنک نیٹ ورک سے منسلک کسی بھی ATM سے رقم نکال سکیں گے۔ حکومت 20 لاکھ سے زائد "نگہبان کارڈز" جاری کرے گی اور ان کی فعال سازی کے لیے 136 مراکز قائم کیے جائیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ مستحقین کو گھر گھر جا کر "نگہبان کارڈز" پہنچائے تاکہ عوام کو لائنوں میں نہ لگنا پڑے۔ اس کے علاوہ، ہر تحصیل میں 8 "نگہبان دسترخوان" لگائے جائیں گے جہاں روزانہ 2,000 افراد کو افطاری فراہم کی جائے گی۔
30 اضلاع میں 65 سہولت بازار فنکشنل رہیں گے، اور دیگر مقامات پر عارضی بازار لگائے جائیں گے۔ تمام عمل کی مانیٹرنگ کے لیے " رمضان نگہبان ڈیش بورڈ" تیار کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی بدعنوانی کا تدارک کیا جا سکے۔
وزیرِ اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ رمضان میں کوئی بھی مستحق خاندان خود کو تنہا محسوس نہ کرے، اور حکومت غریب عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔