(ویب ڈیسک ) پیٹرول پمپس پر آٹو میٹک ٹینک گیجنگ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
پاکستان بھر میں اسمگل شدہ تیل اور غیر قانونی آئل سپلائی چین کے خلاف اہم پیشرفت ہوئی ہے۔پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے تمام پیٹرول پمپس پر آٹو میٹک ٹینک گیجنگ (ATG) سسٹم لازمی طور پر نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آٹو میٹک ٹینک گیجنگ سسٹم کے ذریعے فیول کی مقدار، اسٹوریج اور فروخت کا مکمل ریکارڈ خودکار طریقے سے مرتب کیا جائے گا۔ ٹینک سے نوزل تک تمام ڈیٹا ڈیجیٹل انداز میں محفوظ ہوگا۔اس کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی چین کی مکمل ڈیجیٹائزیشن ممکن ہو سکے گی۔
اس حوالے سے پیٹرولیم ڈویژن کے ایکسپلوسوز ڈیپارٹمنٹ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔جس میں کہا گیا ہے کہ تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں 10 فروری تک آٹو میٹک ٹینک گیجنگ سسٹم لازمی طور پر نصب کریں۔ سسٹم کے نفاذ میں مزید کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی، جبکہ 10 فروری کے بعد اے ٹی جی سسٹم کے بغیر کسی پیٹرول پمپ کو اسٹوریج لائسنس جاری نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ آٹو میٹک ٹینک گیجنگ سسٹم کے نفاذ سے غیر قانونی آئل سپلائی چین کے خاتمے میں مدد ملے گی اور تیل کی خرید و فروخت کا ڈیٹا دستیاب ہونے سے پیٹرول پمپس کی مؤثر نگرانی اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔