اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیرخارجہ کی ملاقات، ملاقات وزیراعظم آفس میں ہوئی، وزیراعظم کی جانب سے پرتپاک استقبال کیاگیا، وزیراعظم نے سعودی ولی عہداورشاہ سلمان کےلیے پیغام پہنچایا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے ملاقات کی۔ ملاقات وفود کی سطح پر ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، سیکرٹری خارجہ، معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی بھی شریک تھے۔ وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے معاشی تعلقات کی مزید مضبوطی پر زور دیا۔ وزیراعظم نے پاکستان سعودی عرب سپریم کوآرڈینیشن کونسل کو فعال بنانے پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں مزید مواقع ڈھونڈنے چاہئیں۔ پاک سعودی عرب سپریم کوآرڈینیشن کونسل دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بہتری کے لیے کام کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان تنازعے کے حل کے لیے تمام فریقین تعمیری کردار ادا کریں۔ افغان مسئلے کا حل خطے میں امن و سالمیت کے لیے ضروری ہے۔ اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔