عدالتی فیصلے سے انصاف کیلئے توقعات کو دھچکا لگا

عدالتی فیصلے سے انصاف کیلئے توقعات کو دھچکا لگا
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عدلیہ کی ساکھ کا تقاضا اور قرین انصاف یہی تھا کہ فل کورٹ تشکیل دیا جاتا تاکہ انصاف نہ صرف ہوتا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آتا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کیخلاف سپریم کورٹ کی رولنگ پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ لیکن عدالتی فیصلے سے قانون دان برادری، سائیلین، میڈیا اور عوام کی حصول انصاف کے لئے توقعات کو دھچکا لگا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئین نے ریاستی اختیار پارلیمنٹ، انتظامیہ اور عدلیہ کو تفویض کئے ہیں۔ آئین نے سب اداروں کو متعین حدود میں کام کرنے کا پابند کیا ہے۔ https://twitter.com/CMShehbaz/status/1551997922941800449?s=20&t=7ZKop3JouFc5-rsJVhLAng انہوں نے کہا کہ کوئی ادارہ کسی دوسرے کے اختیار میں مداخلت نہیں کرسکتا۔ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ اس سے قبل مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی سپریم کورٹ کے فیصلے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ انہوں نے بھی اپنی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ ‘انصاف کا قتل نامنظور’ ہے۔ خیال رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری رولنگ کیس میں پرویز الٰہی کی درخواست منظور کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری کی رولنگ کالعدم قرار دے دی ہے۔ یہ بھی پڑھیں: پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا دوسری جانب مسلم لیگ (ق) کے سینئر رہنما چودھری پرویز الہٰی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایوان صدر میں چودھری پرویز الٰہی سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔ اس سے قبل گورنر پنجاب کی جانب سے حلف لینے سے انکار کر دیا گیا تھا۔ پرویز الٰہی حلف برداری کے لئے خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے اسلام آباد پہنچے تھے۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی بینچ نے پرویز الٰہی کی درخواست پر سماعت کی تھی۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ گیارہ صفحات پرمشتمل ہے۔ https://twitter.com/MaryamNSharif/status/1551962290752299008?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1551962290752299008%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_c10&ref_url=https%3A%2F%2Fpublicnews.com%2F74437%2F چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ درست نہیں، ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کالعدم قرار دی جاتی ہے۔ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کا کوئی قانونی جواز نہیں. فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کابینہ بھی کالعدم قرار دی جاتی ہے، حمزہ شہباز اور ان کی کابینہ فوری طور پر عہدہ چھوڑیں۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔