بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر پاکستان کا سخت ردِعمل، اشتعال انگیز بیانات کی شدید مذمت

بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر پاکستان کا سخت ردِعمل، اشتعال انگیز بیانات کی شدید مذمت
کیپشن: بھارتی وزیر دفاع کے بیان پر پاکستان کا سخت ردِعمل، اشتعال انگیز بیانات کی شدید مذمت

ویب ڈیسک: پاکستان نے بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کرتے ہوئے ان کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ ایسے بیانات نہ صرف خطے میں کشیدگی بڑھانے کا باعث بنتے ہیں بلکہ علاقائی اور عالمی امن کے لیے بھی خطرہ ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی مسئلہ ہے، جبکہ بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ ریمارکس اس تنازع کے تاریخی اور قانونی حقائق کو مسخ کرنے کی کوشش ہیں۔

ترجمان کے مطابق بھارتی وزیر دفاع کا بیان خطے میں کشیدگی بڑھانے اور جارحانہ پالیسیوں کو فروغ دینے کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے غیر قانونی قبضے اور وہاں جاری انسانی حقوق کی صورتحال سے عالمی توجہ ہٹانا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت خطے میں دہشت گردی کی سرپرستی اور اپنے داخلی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے بے بنیاد الزامات کا سہارا لے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ برس بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن بنیان المرصوص کے ذریعے اپنی دفاعی صلاحیت اور مؤثر ردِعمل کا واضح مظاہرہ کیا تھا۔

ترجمان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستانی قوم اور مسلح افواج ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز رویے کا نوٹس لے اور خطے میں امن و استحکام کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

Watch Live Public News