سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری، حکومت نے بونس کا اعلان کر دیا

سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری، حکومت نے بونس کا اعلان کر دیا
کیپشن: سرکاری ملازمین کیلئے خوشخبری، حکومت نے بونس کا اعلان کر دیا

ویب ڈیسک: وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے پارلیمنٹ ہاؤس میں جاری بجٹ سیشن کے دوران مختلف محکموں کے افسران اور عملے کے لیے چھ بنیادی تنخواہوں کے برابر خصوصی بونس دینے کا اعلان کیا ہے۔

وزیر خزانہ کے مطابق یہ بونس ان ملازمین کو دیا جائے گا جنہوں نے بجٹ کے دوران دن رات محنت کر کے مالی سال کے بجٹ کی تیاری اور تکمیل میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ عملے کی انتھک کوششوں کے باعث بجٹ کا عمل کامیابی سے مکمل ہوا۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ حالیہ بجٹ منظوری کا عمل باقاعدہ طور پر مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ ایک اہم پیش رفت کے طور پر ملکی تاریخ میں پہلی بار وفاقی حکومت کی آڈٹ رپورٹس متعلقہ مالی سال کے دوران ہی پارلیمنٹ میں پیش کی گئی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ کے ذریعے عوام، تنخواہ دار طبقے اور تاجر برادری کو ریلیف دینے پر حکومتی معاشی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا ہے۔

وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، سیکرٹری خزانہ اور چیئرمین ایف بی آر کی خدمات کو خصوصی طور پر خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے اور امید ہے کہ معاشی استحکام کے ثمرات جلد معاشرے کے تمام طبقات تک پہنچیں گے۔

معاشی ٹیم نے وزیراعظم کے اعتماد اور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملک کی معاشی بحالی اور پائیدار ترقی کے لیے کوششیں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔

Watch Live Public News