ریکو ڈیک منصوبہ بلوچستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا، وزیر اعظم

ریکو ڈیک منصوبہ بلوچستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا، وزیر اعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریکو ڈیک منصوبہ بلوچستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بیرک ریکو ڈیک مائننگ کمپنی کے ایک وفد نے چیف ایگزیکٹو افسر جناب مارک برسٹوو (Mark Bristow) کی سربراہی میں آج اسلام آباد میں ملاقات کی، جناب مارک برسٹوو نے وزیراعظم کو منصوبے کی اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات اسحاق ڈار ،مشیر وزیراعظم احد چیمہ، وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی جہان زیب خان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران موجود تھے۔ وزیراعظم نے جناب مارک سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریکو ڈیک منصوبے کے حوالے سے حالیہ معاہدہ دونوں فریقین کے لیے فائدہ مند ہو گا، انہوں نے کہا کہ ریکو ڈیک منصوبہ بلوچستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہو گا اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ریکو ڈیک منصوبے پر عملدرآمد کے لیے پراجیکٹ سپورٹ ٹیم کے قیام کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ منصوبے پر عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ محکمے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ منصوبے پر کام کرنے والے 70 فیصد افراد کا تعلق بلوچستان سے ہے، وزیراعظم کو مزید بتایا گیا ریکو ڈیک میں کمپنی نے علاقے کی کمیونٹی ڈویلپمنٹ کمیٹی کے تعاون سے اسکول قائم کر دیا گیا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ علاقے کے نوجوانوں کو پیشہ وارانہ اور اعلیٰ تعلیم دینے کے لئےاقدامات کئے جائیں گے تا کہ ان کے لئے روزگار کی راہیں کھلیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ علاقے میں پینے کے صاف پانی اور صحت کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کام جاری ہے، منصوبے میں متبادل توانائی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے بیرک ریکو ڈیک مائننگ کمپنی کے کارپوریٹ سوشل رسپانسبلیٹی کے حوالے سے جاری کاموں کی تعریف کی اور کمپنی کو بلوچستان میں دانش سکولز کے قیام میں حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی ترغیب بھی دی۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔