چیئرمین پی سی بی سے آئی سی سی وفد کی ملاقات، چیمپئنز ٹرافی کرانے کے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال

چیئرمین پی سی بی سے آئی سی سی وفد کی ملاقات، چیمپئنز ٹرافی کرانے کے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال

(ویب ڈیسک ) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ  چیمپئنز ٹرافی کے لئے ہر سطح پر فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔چیمپئنز ٹرافی جتنا بڑا ٹورنامنٹ ہے ۔ اس کے مطابق انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ 

چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے آئی سی سی کے وفد نے ملاقات کی،   آئی سی سی کے وفد کی قیادت کرس ٹیٹلےChris Tetley کر رہے تھے۔ آئی سی سی کے وفد کے دیگر  ارکان میں سارہ ایگرڈ اور عون زیدی شامل تھے ۔

ملاقات میں پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کرانے کے انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی سی سی کے  وفد نے کراچی،  لاہور اور راولپنڈی کے سٹیڈیمز میں سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ  چیمپئنز ٹرافی کے لئے ہر سطح پر فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔چیمپئنز ٹرافی جتنا بڑا ٹورنامنٹ ہے ۔ اس کے مطابق انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل کر لیا جائے گا۔ تمام ضروری امور بر وقت مکمل کر لئے جائیں گے۔ 

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی  نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کی کامیاب میزبانی کے لیے پی سی بی کے عزم کا اعادہ کیا۔

چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی  سلمان نصیر ،  ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔