ویب ڈیسک:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حسن رؤف نےکہا وکلا نہیں بلکہ بانی پی ٹی آئی خود پارٹی کو چلا رہے ہیں، بانی پی ٹی آئی سے پچھلے 25، 26 ہفتوں سے پارٹی کی سیاسی قیادت کی کوئی میٹنگ نہیں ہونے دی گئی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حسن رؤف نے نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وکلا نہیں بلکہ بانی پی ٹی آئی خود پارٹی کو چلا رہے ہیں، عمران خان جو بھی ہدایات جاری دیتے ہیں اس پر عمل درآمد کیا جاتا ہے اُن ہی کے ویژن کے مطابق پارٹی چل رہی ہے۔
حسن رؤف نے اہم انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے 25، 26 ہفتوں سے پارٹی کی سیاسی قیادت کی بانی پی ٹی آئی سے کوئی میٹنگ نہیں ہونے دی گئی، اسلام آباد ہائیکورٹ نےحکم نامہ جاری کیا تھا جس کے مطابق ایک ایس او پیز طے کی گئی تھی، اُسی کے مطابق آج پارٹی کے 6 رہنماؤں کی ملاقات ہونی تھی جو کہ نہیں کروائی گئی۔
اس سے یہ نتیجہ اخذ کیا جاسکتا ہے کہ عمران خان کو قید تنہائی میں رکھا جارہا ہے، اُن سے اب ہمارے وکلا ہی مل سکتے ہیں، یہ حقیقت ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والے 99 فیصد وکلا ہی ہیں، اس کا مطلب یہ نہیں کہ پارٹی میں اختلافات چل رہے ہیں، مل کر کام کررہے ہیں۔
حسن رؤف کا مزید کہنا تھا کہ جب وکلا خان صاحب سے مل کر آتے ہیں تو وہ انفارمیشن پارٹی کے سامنے رکھ جاتی ہے کیونکہ سیاسی قائدین کا براہ راست اُن سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔
یہ ایک خلا ہے جس کی ذمہ داری پی ٹی آئی پر نہیں ڈالی جاسکتی بلکہ حکومت اور وہ لوگ ہیں جو وہاں بیٹھے زبردستی ایسے فیصلے کررہے ہیں، ہوسکتا ہے کہ یہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ ہو۔