ویڈیو:شادی ہال میں  جھگڑا،کرسیاں چل گئیں

ویڈیو:شادی ہال میں  جھگڑا،کرسیاں چل گئیں
کیپشن: کراچی:عزیز آباد فیڈرل بی ایریا میں شادی ہال میں  جھگڑا،کرسیاں چل گئیں

ویب ڈیسک: فیڈرل بی ایریا عزیز آباد کے ایک شادی ہال میں شادی کی تقریب اس وقت میدان جنگ بن گئی جب دلہا اور دلہن والوں کے درمیان تلخ کلامی جھگڑے میں تبدیل ہو گئی۔ جھگڑے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے جس میں واضح طور پر دونوں جانب کے افراد کو ایک دوسرے پر کرسیوں سے وار کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بات چیت کے دوران پیدا ہونے والی تلخی شدت اختیار کر گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے ہال میدان جنگ بن گیا۔ جھگڑے کے دوران شادی ہال کی انتظامیہ نے فوری طور پر علاقائی پولیس کو طلب کیا۔

پولیس کے مطابق جب اہلکار موقع پر پہنچے تو مشتعل افراد نے پولیس سے بھی ہاتھا پائی شروع کر دی، جس کے نتیجے میں کانسٹیبل حافظ عثمان زخمی ہو گیا۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس نے جھگڑا کرنے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن کے نام یونس مسیح، ہیری، اور ہیری ولد وکٹر بتائے گئے ہیں۔ مزید یہ کہ تقریباً 30 سے 40 نامعلوم افراد کے خلاف بھی سرکاری مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شدہ افراد اور جھگڑا کرنے والے دیگر افراد مبینہ طور پر نشے میں تھے۔ مقدمے میں ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، اور پولیس اہلکاروں پر تشدد کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

پولیس کی جانب سے مزید ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

Watch Live Public News