ویب ڈیسک: ناروے کے ایک ساحلی قصبے میں اس وقت ایک ناقابلِ یقین واقعہ پیش آیا جب ایک شخص گہری نیند میں تھا، اور ایک 135 میٹر لمبا بحری جہاز دیواریں توڑتا ہوا اس کے گھر کے لان تک آن پہنچا — اور حیرت انگیز طور پر، اسے تب پتا چلا جب وہ بیدار ہوا اور کھڑکی سے باہر دیکھا۔
اردو نیوزکے مطابق واقعہ ناروے کے بائسنٹ نامی علاقے میں صبح پانچ بجے پیش آیا، جب جان ہیلبرگ نامی شہری اپنے کمرے میں سکون سے سو رہے تھے۔ جنہیں گہری نیند سونے کی عادت ہے، اور یہی عادت اس روز ان کے لیے ایک خوش قسمتی بن گئی، کیونکہ اگر وہ جاگ رہے ہوتے، تو شاید صورتحال مختلف ہوتی۔
بحری جہاز کی بے قابو دوڑ — اور خوش قسمتی کا لمحہ
حادثہ اس وقت پیش آیا جب ’ این سی ایل سالٹن‘ نامی کارگو بحری جہاز، جو کنٹینرز سے لدا ہوا تھا اور ٹروندھم سے کانگر کی طرف جا رہا تھا، تیز لہروں کی وجہ سے قابو سے باہر ہو گیا۔ یہ جہاز پانی سے نکل کر سیدھا خشکی پر آ گیا اور جان ہیلبرگ کے گھر سے ٹکرا گیا۔ دیواریں گر گئیں، لان تباہ ہو گیا، اور جہاز صرف چند میٹر دوری پر اس کمرے تک آ گیا جہاں سو رہے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ"جب آنکھ کھلی تو کھڑکی سے باہر ایک عجیب، بہت بڑی چیز نظر آئی۔ آنکھیں ملیں، دوبارہ دیکھا — تو یہ کوئی خواب نہیں بلکہ ایک بحری جہاز تھا!"
انہوں نے مزید بتایا کہ"وہ اتنا اونچا تھا کہ اس کی چوٹی دیکھنے کے لیے مجھے گردن پورے آسمان کی طرف موڑنی پڑی۔"
محلے دار نےگھنٹی بجائی ، مگر نیند غالب رہی
حادثے کے وقت ایک پڑوسی نے جہاز کو گھر کی طرف بڑھتے دیکھا اور فوراً بھاگ کر جان ہیلبرگ کے گھر کی گھنٹی بجائی۔ لیکن نیند کے رسیا جان صاحب نے بس گھنٹی کی آواز سنی، اور دوبارہ سو گئے۔ وہ بتاتے ہیں کہ"میں دروازہ کھولنے ہی والا تھا کہ گھنٹی بند ہو گئی، تو میں واپس لیٹ گیا۔"
جب وہ جاگے تو ایک شخص ان کے سامنے کھڑا تھا، جس نے پوچھاکہ"کیا آپ کو بحری جہاز دکھائی نہیں دیا؟"اور جان نےمعصومانہ جواب دیتے ہوئے کہا کہ "نہیں، سچ میں نہیں دیکھا!"
خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
بحری جہاز میں 16 افراد سوار تھے، مگر خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حکام کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجہ تیز سمندری لہر تھی، اور اب جہاز کو واپس کھینچنے کا کام جاری ہے۔
جان ہیلبرگ نے کہا کہ "اگر یہ جہاز صرف پانچ میٹر اور آگے آ جاتا، تو سیدھا میرے بیڈروم میں گھس جاتا — اور پھر خدا ہی جانتا کیا ہوتا!"
یہ واقعہ صرف ایک حادثہ نہیں، بلکہ ایک دلچسپ یادگار بن گیا ہے جسے جان شاید کبھی نہ بھولیں — اور ہمیں بھی یاد دلاتا ہے کہ کبھی کبھار گہری نیند بھی زندگی بچا سکتی ہے!