ویب ڈیسک:چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیرآزاد کے زیرصدارت رویت ہلال کمیٹی کا اسلام آباد اجلاس ہوا، ملک بھر سے کہیں سے بھی ذی الحجہ کے چاند کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، عیدالاضحیٰ ہفتہ سات جون کو ہوگی ۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا سید عبدالخبیرآزاد نے عیدالاضحیٰ کی تاریخ کا اعلان کردیا، یکم ذو الحج جمعرات 29 مئی کو ہوگی، ان کا کہنا تھا کہ ذی الحجہ 1446 ہجری کا چاند ملک بھر میں کہیں نظر نہیں آیا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور کی عمارت میں ہوا، اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی، زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس چاروں صوبائی دار الحکومتوں میں ہوئے۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل و ممبر مرکزی رویت ہلال کمیٹی ڈاکٹر راغب نعیمی نے بھی اجلاس میں شرکت کی، سپارکو اور محکمہ موسمیات کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
آج شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 11 گھنٹے تھی، اجلاس میں پاک فوج کے شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی، آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی پر فوج کو اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو جرات مندانہ قیادت پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں چاند دیکھنے کا آخری وقت 7 بج کر 44 منٹ تھا، چاند کی عمر کم ہونے کے باعث عید الاضحی کا چاند نظر نہیں آیا، مفتی رمضان سیالوی کا کہنا تھا کہ لاہور کا اختتامی وقت مدنظر رکھتے ہوئے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
محکمہ موسمیات اور سپارکو کی جانب سے پیش گوئی کی گئی تھی کہ آج شام چاند کی عمر صرف 11 گھنٹے ہوگی، جو فلکیاتی اصولوں کے مطابق رویت کے لیے ناکافی تصور کی جاتی ہے، اسی بنیاد پر ماہرین کا کہنا ہے کہ آج چاند نظر آنے کے امکانات نہایت کم ہیں۔
سپارکو نے پیش گوئی کی ہے کہ یکم ذوالحج 29 مئی کو ہونے کا امکان ہے اور اگر یہی حساب برقرار رہا تو ملک بھر میں عیدالاضحیٰ ہفتہ 7 جون 2025 کو منائی جا سکتی ہے۔