ویب ڈیسک: بھارتی فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے معروف سینئر اداکار رماکانت دیاما انتقال کر گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق رماکانت دیاما منگل کے روز 69 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوئے۔ تاہم ان کی وفات کی فوری وجہ سامنے نہیں آ سکی۔ رپورٹس کے مطابق وہ کافی عرصے سے علیل تھے اور مختلف عارضوں میں مبتلا تھے۔
رماکانت دیاما نے بھارتی فلموں اور ٹی وی ڈراموں میں اپنی منفرد اداکاری کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا۔ انہوں نے بالخصوص معروف فلم Chak De! India میں اپنی اداکاری سے ناظرین کو متاثر کیا اور خوب پذیرائی سمیٹی۔
اداکار کے انتقال کی تصدیق ان کی ساتھی اداکارہ شوبھانگی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک جذباتی پوسٹ کے ذریعے کی۔ انہوں نے رماکانت دیاما کی ایک پرانی ویڈیو شیئر کی، جس میں انہیں دوستوں کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارتے، گاتے اور رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
شوبھانگی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ رماکانت دیاما نہ صرف ایک باصلاحیت اداکار تھے بلکہ ایک مخلص دوست، شفیق انسان اور محبت بانٹنے والی شخصیت بھی تھے۔ ان کے مطابق مرحوم کی یادیں ہمیشہ ان کے چاہنے والوں کے دلوں میں زندہ رہیں گی۔