ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے یومِ سیاہ کی تقریب میں کارکنوں کی تعداد کم ہونے پر پارٹی کے اندر ایک مرتبہ پھر بحث چھڑ گئی۔
ذرائع کے مطابق تقریب میں ایک ہزار سے بھی کم کارکنوں نے شرکت کی، تقریب کے اختتام تک کارکنوں کی تعداد مزید کم ہوگئی تھی۔
سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے گزشتہ سال یومِ سیاہ کا انعقاد کیا تھا۔ گزشتہ روز کی نسبت گزشتہ سال کی تقریب میں کارکنوں کی تعداد زیادہ تھی۔ سابق وزیراعلیٰ نے یومِ سیاہ کے موقع پر تقریباً 3 ہزار کارکنوں کو جمع کیا تھا۔
سابق وزیراعلیٰ کے پرائیویٹ پی آر او فراز مغل نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ مجھ پر الزام لگانے والے اب اخلاقی جرت کریں اور بتائیں کہ اب تعداد کیوں کم تھی۔
جس کے جواب میں جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی ضلع پشاور خورشید خان نے کہا کہ یہ کوئی جلسہ نہیں بلکہ اپنے شہداء اور اسیر کارکنوں سے اظہارِ یکجہتی تھا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ سیاہ میں کارکنوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔