پٹرول موٹر سائیکل رکشوں کی پروڈکشن پر پابندی لگانے کا فیصلہ

 پٹرول موٹر سائیکل رکشوں کی پروڈکشن پر پابندی لگانے کا فیصلہ

ویب ڈیسک: لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت انسدادِ اسموگ کیلئے کابینہ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فضائی آلودگی پر قابو پانے اور صوبے میں صاف ماحول یقینی بنانے کے سلسلے میں کئی بڑے فیصلے کیے گئے۔

تفصیلات کےمطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں پٹرول موٹر سائیکل رکشوں کی پروڈکشن پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ پٹرول سے چلنے والی موٹر سائیکلوں کی پیداوار بھی مرحلہ وار بند کرنے کا اصولی فیصلہ ہوا،  مستقبل میں صرف الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیاں اور الیکٹرک موٹر سائیکلیں ہی خریدی جائیں۔

صوبے کے تمام سرکاری اداروں کے لیے یہ شرط بھی لازمی قرار دی گئی، گھر میں پانی سے گاڑیاں دھونے پر مکمل پابندی بھی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ پنجاب بھر میں جدید دنیا کی طرح رنگ دار کوڑے دان لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

پلاسٹک یا زہریلا دھواں پیدا کرنے والی اشیاء جلانے پر سخت کارروائی اور سزائیں دینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی، زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کی چیکنگ کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ورکشاپس مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بچوں سے مشقت پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈیڑھ سال میں اہم اہداف حاصل کیے گئے اور اگلے چار برس میں انہیں مزید بہتر بنانے کا عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کا استعمال جدت کی علامت ہے اور پنجاب کو ٹیکنالوجی کے اعتبار سے ترقی کی مثال بنانا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ماحولیاتی بہتری کے لیے نئی ٹیکنالوجی اور مشینری فراہم کرنے پر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔

Watch Live Public News