اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت عوام کے ریلیف کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ براہِ راست سبسڈی سے معاشی طور پر کمزور طبقے کو مدد ملے گی۔ وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت احساس ٹارگٹڈ سبسڈی آن کموڈٹیز پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر اشیاءِ ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں۔ حکومت اشیاءِ ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کو یقینی بنا نے کی کوشش کر رہی ہے۔ بین الاقوامی سطح پر قیمتیں بڑھنے کے اثر کو مقامی سطح پر منتقل ہونے سے روکنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اجلاس میں مشیرِ خزانہ شوکت فیاض ترین، معاونِ خصوصی برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور منیر احمد خان نے شرکت کی۔ وزیرِ اعظم کو اجلاس میں ٹارگٹڈ سبسڈی کے نظام پر پیش رفت اور حتمی شکل سے آگاہ کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے اس کی تکمیل کو جلد یقینی بنانے اور عوام میں اس کے بارے آگاہی بڑھانے کی ہدایات جاری کیں تاکہ ذیادہ سے ذیادہ لوگ اس سے استفادہ حاصل کر سکیں۔