پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف آج یومِ سیاہ منایا جا رہا

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف آج یومِ سیاہ منایا جا رہا
کیپشن: پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کیخلاف آج یومِ سیاہ منایا جا رہا

ویب ڈیسک: پاکستان سمیت دنیا بھر میں مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضے کے خلاف آج یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے۔27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق 27 اکتوبر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج کا دن ہے۔ آج گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور چاروں صوبوں میں قومی یکجہتی کا مظاہرہ کیا جائے گا۔

دنیا بھر میں کشمیری اور پاکستانی عوام بھارتی تسلط کے خلاف احتجاجی سرگرمیوں میں شریک ہوں گے۔ کشمیری عوام دہائیوں سے بھارتی تسلط کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔

وزارتِ امورِ کشمیر کے زیرِ اہتمام، وزارتِ خارجہ اور وزارتِ اطلاعات کے اشتراک سے احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ احتجاجی ریلی دفترِ خارجہ سے ڈی چوک تک نکالی جائے گی۔ شاہراہِ دستور، پارلیمنٹ ہاؤس اور ڈی چوک پر “کشمیر بنے گا پاکستان” کے بینرز آویزاں ہیں۔ وفاقی دارلحکومت کی سڑکوں، چوراہوں اور سرکاری عمارتوں پر یومِ سیاہ کے پوسٹرز اور فلیکسز نصب ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز 

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یوم سیاہ پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر کو مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کا اقدام تاریخ عالم کا سیاہ باب ہے۔ 27 اکتوبر کے سیاہ باب کی سیاہی بھارتی قیادت کے چہرے پر نمو دار ہورہی ہے۔ مسئلہ کشمیر کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ اقوام عالم کا مسئلہ بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت کی پالیسی پر عمل پیرا رہے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص میں بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا تھا۔ بھارتی قیادت بنیان مرصوص کی شرمندگی کے باعث وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سامنا کرنے سے قاصر ہے۔ امریکی صدر کا وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل حافظ عاصم منیر کو عظیم قرار دینا بھارت کے لئے ایک اور شکست کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر او رپاکستان لازم و ملزوم ہیں، کوئی جدا نہیں کرسکتا۔ کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کا خون ضرور رنگ لائے گا، مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی روشن صبح ضرور طلوع ہوگی۔

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے کشمیر کے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ حکومت پاکستان ،عوام اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیری آج کا دن یوم سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں۔ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے جموں و کشمیر پر فوج کشی کی۔ وادی پر بھارت کے غیر قانونی فوجی تسلط کے باعث کشمیریوں کی مشکلات کئی گنا بڑھ گئیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یوم سیاہ منانے کا مقصد عالمی برادری کو تنازعہ کشمیر کے حل کی یاد دہانی کرانا ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کشمیریوں کو ان کے ناقابلِ تنسیخ حق خود ارادیت کی ضمانت موجود ہے۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کو دنیا کے سب سے بڑے انسانی پنجرے میں بدل کر رکھ دیا ہے۔ خطے میں پائیدار امن کے لئے تنازعہ کشمیر کا حل ناگزیر ،عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔ پاکستان کے عوام اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا یومِ سیاہ کشمیر کے موقع پر پیغام، کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ بھارتی فورسز جموں و کشمیر پر ناجائز قبضے کے لئے سری نگر میں داخل ہوئیں۔ 1947ء سے نہتے کشمیریوں پر ظلم و جبر کا سلسلہ آج تک جاری ہے۔ آزادی مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے۔ ہم کشمیریوں کی جدوجہدِ آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی ادارے بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور دنیا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دلانے میں کردار ادا کرے۔

 وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز عون چوہدری

 وزیر مملکت برائے اوورسیز پاکستانیز عون چوہدری نے یوم سیاہ پر خصوصی پیغام میں کہا کہ بھارت نے 27 اکتوبر 1947 کو کشمیر میں فوجیں اتار کر غیر قانونی اور غاصبانہ قبضہ کیا۔ آج کا دن کشمیری بہن بھائیوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کا دن ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی واخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر خاموشی توڑنی چاہیے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں۔

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان 

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے یوم سیاہ پر اپنے پیغام میں کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء جنوبی ایشیا کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے۔ آج کے دن بھارت نے جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر غیرقانونی قبضہ کیا اور کشمیری عوام کی خودارادیت کی جائز خواہش کو دبایا۔ بھارتی قابض افواج انسداد دہشت گردی کے سخت قوانین کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں امن و استحکام جموں و کشمیر کے تنازعہ کا پرامن حل صرف اور صرف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عملدرآمد سے ممکن ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کیلئے کشمیر کاز ہمیشہ بنیادی اہمیت کا حامل معاملہ رہا ہے۔ قائد عوام شہید بھٹو کا کشمیر کیلئے بے مثال وژن آج بھی مشعل راہ ہے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی عالمی سطح پر کشمیر کیلئے جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کی کشمیر کاز کیلئے کاوشوں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، انہوں نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بھرپور انداز میں اجاگر کیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے موثرانداز میں کشمیر کا مقدمہ لڑ کر دنیا پر ثابت کیا کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ 

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ سیاہ کشمیر پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی جلد رنگ لائے گی اور کشمیر بنے گا پاکستان۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو سری نگر میں بھارتی فوج ناپاک عزام کے ساتھ داخل ہوئی تھی، کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کے خلاف آج کا دن احتجاج کی علامت کے طور پر مناتا ہے۔ دنیا کو بھارت کے مظالم پر خاموش نہیں رہنا چاہیے۔ اقوامِ متحدہ کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دلائے۔ سندھ حکومت کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔

Watch Live Public News