ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، آرمی چیف

ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، آرمی چیف
پشاور: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں خواتین نے ملکی ترقی میں مثبت اور اہم کردار ادا کیا ہے، ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) چیف آف آرمی سٹاف نے پشاور کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے خواتین سمپوزیم اور صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے سمپوزیم میں خواتین سے خطاب کیا۔ آرمی چیف نے صوبائی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی۔کمیٹی نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان بھی شریک ہوئے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں خواتین نے ملکی ترقی میں مثبت اور اہم کردار ادا کیا ہے، ملکی ترقی میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، خیبرپختونخوا کی خواتین نے دہشتگردی کے خلاف طویل جنگ کے باعث بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا۔ آرمی چیف نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی خواتین نے ان تمام تر چیلنجز کے باوجود پختہ عزم اور بہادری کا ثبوت دیا، خواتین خیبرپختونخوا اور نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں، تاکہ خیبرپختونخواہ میں اس تبدیلی کاپورا پورا فائدہ اٹھایا جاسکے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران آرمی چیف کو اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی پر بریفنگ دی گئی، منشیات سمگلنگ کے خلاف اقدامات سمیت مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔ صوبائی ایپکس کمیٹی اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ ریاستی ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے متحد ہیں۔ اجلاس کے شرکاء نے شہداء کو بھی زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کی ترقی و استحکام اور امن کیلئے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو بڑھانا ہوگا، ملک کے امن اور خوشحالی کے لیے اپنی کوششوں کو ہم آہنگ کرنا ہوگا، پاک فوج خیبرپختونخوا کی ترقی اور استحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتی رہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔