ویب ڈیسک: لاہور ہائیکورٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرِ ثانی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی۔
لاہور ہائیکورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل سے متعلق درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے 30 ستمبر کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔ جسٹس خالد اسحاق اس اہم درخواست پر سماعت کریں گے، جو جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی جانب سے ایڈووکیٹ اظہر صدیق کی وساطت سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں، اس کے باوجود پاکستان میں انہیں بلاجواز بڑھایا جا رہا ہے۔ درخواست میں یہ بھی نشاندہی کی گئی ہے کہ حکومت نے اب تک قیمتیں طے کرنے کا کوئی واضح اور شفاف میکنزم فراہم نہیں کیا۔
عدالت نے وفاقی حکومت کے وکیل سے اس معاملے پر تفصیلی رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔